ڈونلڈ ٹرمپ کا بیت القدس کے حوالہ سے بیان مسلمانوں کے باہمی اختلافات کا نتیجہ ہے۔ ایرانی قونصلر جنرل

بدھ 13 دسمبر 2017 22:05

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ایرانی قونصلیٹ پشاور کے قونصلر جنرل محمد باقر بیگی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیت المقدس کے حوالہ سے بیان مسلمانوں کے باہمی اختلافات کا نتیجہ ہے، بیت القدس کی آزادی کیلئے اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے ایران اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، برادر اسلامی ملک پاکستان کے بجلی و گیس کی کمی سمیت جملہ مسائل کے حل میں تعاون کیلئے تیار ہے۔

وہ بدھ کو جامعہ ہریپور کی سپیکم سوسائٹی کے اشتراک سے یونیورسٹی آف ہری پور میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علماء امن کمیٹی کے مولانا اظہر محمود ہزاروی، جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا عبدالوحید عبدالله، اتحاد بین المسلمین کے سیکرٹری جنرل نیئر عباس جعفری اور سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین شعبہ اسلامیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مہیمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مہمان خصوصی نے وائس چانسلر جامعہ ہریپور پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید اور تمام شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ باقر بیگی نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں، ایران پہلا اسلامی ملک ہے جس نے پاکستان کی آزادی کو سب سے پہلے تسلیم کیا، اس کے بعد پاکستان کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے جن میں اب مزید بہتری آئی ہے اور اب تجارتی حجم میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے تیار ہے، بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں 100 واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے جسے پاکستان کی خواہش پر تین ہزار تک بڑھایا جا سکتا ہے، اسی طرح بینکنگ سسٹم میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں اسلام کے خلاف روز اول سے سازشوں میں مصروف ہیں، پوری دنیا میں مسلمانوں کو مارا جا رہا ہے لیکن جس طرح ایران اور شام میں اتحاد و اتفاق سے داعش کا خاتمہ کیا گیا ہے، اس طرح پوری دنیا میں دیگر سازشوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ہمارے اختلافات سے دشمن فائدہ اٹھاتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا بیت المقدس کے حوالہ سے حالیہ بیان بھی ہمارے اختلافات کا نتیجہ ہے، لیکن پوری دنیا کے مسلمان اور دیگر اقوام اس کے خلاف ہیں، طلباء اسلام کا سرمایہ ہیں، دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ طلباء پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عالم اسلام کے خلاف جاری عالمی سازشوں کا مداوا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :