حکومت قومی شاہراہوںپر سفر کو محفوظ بنانے ،عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،کمشنر قلات ڈویژن

بدھ 13 دسمبر 2017 21:26

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء)کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ حکومت قومی شاہرات پر سفر کو محفوظ بنانے اور عوام کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اس سلسلے میں ٹرانسپورٹرز کا تعاون قابل تعریف ہے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہارکمشنر قلات ڈویژن نے خضدار میں سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا وفد کی قیادت سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے صوبائی صدر محمد اسماعیل محمد حسنی کررہے تھے قبل ازیں ٹرانسپورٹر ز نمائندگان نے کمشنر قلات ڈویژن کو قومی شاہرات کو سفر کے لئے محفوظ بنانے پر بہترین کارکردگی کا ایوارڈ پیش کیا اس موقع پر وائس چیئرمین سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز بشیر احمد حلیمی محمد وارث فیصل حسنی تلال مینگل و دیگر ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کریں اس سلسلے میں ٹرانسپورٹر زکا تعاون انتہائی ضروری ہے ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مسئلے حل کریں گے ۔

(جاری ہے)

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ گوادر رتو دیرو شاہراہ کی تکمیل سے روز گار کے نئے مواقع پیداہونے کے علاوہ عوام کو سفری سہولیات میسر آئینگے قومی شاہرات پر حادثات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ قومی شاہراہ پر انتہائی خطرناک موڑ پیر عمر ،کورک، موڑ وہیر موڑ اور بیلہ کے مقام پر خطرناک موڑکو این ایچ اے کے حکام کو محفوظ متبادل روڈ کے لئے سروے کرانے کے لئے ہدایت کی ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا ٹرانسپورٹر نے صوبائی حکومت اور کمشنرقلات ڈویژن کے قومی شاہراہوںپر ٹرانسپورٹر کو تحفظ اور عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی اقدامات کو سراہا۔

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہت جلد آگاہی مہم شروع کی جائے گی اوراس حوالے سے قلات ڈویژ ن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس پیز کو ہدایت کی ہیکہ قومی شاہراہ پر سفر کو محفوظ بنانے اور انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے ٹرانسپورٹرز اور قبائلی عمائدین سے تجاویزلی جائیں اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کے وفد نے اپنے مسائل و مشکلات سے کمشنر قلات ڈویژن کو آگاہ کیا جنہیں کمشنرقلات نے فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے وفدنے کمشنر قلات ڈویژن کی جانب سے مسائل غور سے سننے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اوراپنی جانب سے مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔