بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کی کل جماعتی کانفرنس کل اسلام آباد میں منعقد ہو گی

کانفرنس میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے کل جماعتی کانفرنس کی صدارت چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق کریں گے

بدھ 13 دسمبر 2017 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء) دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکوت قرار دینے کے خلاف ’’کل جماعتی کانفرنس ‘‘ کل 13دسمبرکو اسلام آباد میں ہو گی۔ کانفرنس میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے ۔کل جماعتی کانفرنس کی صدارت چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق کریں گے جبکہ اس موقع پر بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالہ سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں نصف صدی سے زائد عرصہ سے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دے کر دنیا کا امن برباد کرنے کی کوشش کی گئی۔ او آئی سی مضبوط فیصلہ کرے اور شامل تمام ممالک امریکہ سے تعلقات منقطع کریں، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ وہ اس کے تحفظ سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ مسلم امہ کا بچہ بچہ قبہ اول کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیارہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کی ضرورت ہے۔