بلوچستان قدرتی وسائل ،معدنیات سے مالا مال ہے، لوگ باصلاحیت ،خواتین میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، یاسمین لہڑی

بدھ 13 دسمبر 2017 21:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے۔ ہمیں اپنے صوبہ کو پسماندہ نہیں کہنا چاہئے کیونکہ یہاں کے لوگ باصلاحیت ہیں اور خصوصاً خواتین میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ہمیں ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

بلوچستان میں پہلی خواتین لیڈر شپ کانفرنس میں صوبہ بھر سے خواتین کی شرکت نہایت حوصلہ افزاء ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے حوالے سے منعقدہ پہلی خواتین لیڈر شپ کانفرنس کے دوسرے سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے موجودہ حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع اور خصوصاً دیہی علاقوں کی خواتین کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے اوار انہیں مواقعوں کے بارے میں باخبر رکھنے کے لئے مؤثر آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپیکر بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک خاتون کو اسمبلی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے جو صوبہ بھر کی خواتین کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مؤثر قانون سازی کررہا ہے۔اس موقع پر سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ محمد صدیق مندوخیل نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے سے صوبہ کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی خواتین کی بنائی ہوئی روایتی کشیدہ کاری پورے ملک میں مشہور ہے جس کو اجاگر کرنے سے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی وخوشحالی کے لئے وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد کانفرنس ہے جہاں زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز دینے کا موقع ملا ہے۔ تقریب کے آخر میں رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی اور سیکریٹری ترقی نسواں محمد صدیق مندوخیل نے شرکاء میں شیلڈ اور اسناد تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :