وزیر اعظم اور صومالیہ کے صدر کے درمیان ملاقات ،ْ مختلف امورپرتبادلہ خیال

پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ،ْ شاہد خاقان عباسی

بدھ 13 دسمبر 2017 20:42

وزیر اعظم اور صومالیہ کے صدر کے درمیان ملاقات ،ْ مختلف امورپرتبادلہ ..
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔وہ صومالیہ کے صدر محمد عبداللہ محمد سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں او آئی سی کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان بالخصوص دوطرفہ تجارت اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صومالی سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور تربیت کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر محمد عبداللہ نے صومالیہ کے امن و ترقی کے لئے پاکستان کی گراں قدر خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بالخصوص ماضی میں صومالیہ کے استحکام کے حوالے سے پاکستان امن دستوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی کے دوران ان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے ہزاروں صومالی طالب علموں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا جو صومالیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے مضبوط اور پائیدار برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔