روہت شرما کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری، بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 141 رنز سے ہرا دیا،

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر، میتھیوز کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، روہت شرما نے 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

بدھ 13 دسمبر 2017 20:19

روہت شرما کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری، بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے ..
چندی گڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) روہت شرما کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں با آسانی 141 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 392 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روہت شرما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا اور ڈبل سنچری سکور کی، شرما ون ڈے کی تاریخ میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہیں، وہ 208 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، شری یاس آئر 88 اور دھون 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 251 رنز بنا سکی، میتھیوز نے بھرپور فائٹ کی تاہم ان کی 111 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی۔

(جاری ہے)

روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو چندی گڑھ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ مہنگا ثابت ہوا، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 392 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 115 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دھون 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اس کے بعد شری یاس آئر نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ میں 213 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 328 تک پہنچا دیا، یہاں پر آئر 88 رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند کا نشانہ بنے، دھونی 7 اور پانڈیا 8 رنز بنا کر چلتے بنے، شرما سیسہ پلائی دیوار کی طرح آئی لینڈرز کے بائولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 153 گیندوں پر 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے، تھسارا پریرا نے 3 اور پتھیرانا نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 251 رنز بنا سکی، اینجلو میتھیوز نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور کی تاہم ان کی 111 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، لکمل نے 11 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، گونارتنے 34، ڈکویلا 22، تھریمانے 21، گونا تھلیکا 16، دانن جایا 11، تھرنگا 7، کپتان پریرا 5 پتھیرانا 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، چاہل نے 3، بمرا نے 2 جبکہ بھنشور کمار، ہرڈک پانڈیا اور واشنگٹن سندر نے ایک، ایک وکٹ لی۔