سرگودھا، کم عمر ڈرائیور کیخلاف چالان کاٹنے پر ٹریفک سارجنٹ کو رکشہ ڈرائیور سمیت چار افراد نے حملہ کر کے زخمی کر دیا

اطلاع ملنے پر پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر رکشہ میں فرار ہو گئے، ملزمان کیخلاف تھانہ ساجد شہید میں کار سرکار میں مزاحمت کا مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی گئی

بدھ 13 دسمبر 2017 19:42

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء) ٹریفک پولیس کی کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف مہم کا آغاز ہوتے ہی شہریوں کے ساتھ پولیس کی پٹائی بھی شروع ہو گئی ۔ کم عمر ڈرائیور کیخلاف چالان کاٹنے پر ٹریفک سارجنٹ کو رکشہ ڈرائیور سمیت چار افراد نے حملہ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی ہدایت پر ٹریفک پولیس سرگودھا نے کم عمر موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ دو روز کے دوران پچاس سے زائد کم عمر ڈرائیوروں کے چالان کئے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز یونیورسٹی روڈ پر مراد آباد کالونی کے قریب ٹریفک سارجنٹ ارشد محمود مغل نے کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیور شاہ زیب کو روک کر اس کا چالان کاٹ دیا جس کی رنجش پر شاہ زیب کے فون پر اس کے دیگر تین ساتھی موٹرسائیکل سوار آگئے جنہوں نے چالان کاٹنے پر تھانیدار کو غلیظ گالیاں دیتے ہوئے اس کی پٹائی کر دی اطلاع ملنے پر پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر رکشہ میں فرار ہو گئے ملزمان کیخلاف تھانہ ساجد شہید میں کار سرکار میں مزاحمت کا مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی گئی۔