وطن عزیز میں اسلامی نظریاتی بنیاد پر کمزوری کر دی گئی تو کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی ریاست کو متحد رکھنا ممکن نہ ہوگا ‘لیاقت بلوچ

کمزور حکومت و کمزور جمہوریت مضبوط ریاستی اداروں سے تصادم اختیار کرے گی تو نقصان عوام کاہی ہوگا ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 13 دسمبر 2017 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام اور پاکستان دشمن فعال ہیں ، قومی قیادت باہم دست و گریبان ہے اگر وطن عزیز میں اسلامی نظریاتی بنیاد پر کمزوری کر دی گئی تو کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی ریاست کو متحد رکھنا ممکن نہ ہوگا ، دینی ، سیاسی ، جمہوری اور ریاستی قوتیں قومی چارٹر پر یک زبان اور یک موقف اختیار کریں ۔

لاہور این اے 126 میں سیاسی کارکنان اور علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ فوج کے اعلیٰ افسر ، جوان ، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے جرأت مند اہل کارجانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں پاکستان دشمن ملک میں ہر حربہ اور واردات سے بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ملک غیر مستحکم ہو ۔

(جاری ہے)

حکومت موجودہ بگڑے حالات کی ذمہ دار ہے ۔ کمزور حکومت و کمزور جمہوریت مضبوط ریاستی اداروں سے تصادم اختیار کرے گی تو نقصان عوام کاہی ہوگا ۔

سیاسی جمہوری مقتدر قیادت اور جماعتیں اہل و دیانت دار ہوں گی تو تمام ادارے آئین کی حدود میں رہیں گے ۔ نااہلی ، کرپشن ، اختیارات کا غیر جمہوری استعمال فساد کا باعث ہی بنتاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اسلامیان پاکستان نے بے مثال و بیدار یکجہتی کا اظہار کیاہے ۔ حکمران اور سیکولر طبقے ٹک ٹک دیدم دم ناکشیدم کی تصویر بنے ہوئے ہیں لیکن سیکولر قوتیں اسلامی قوانین اور اسلامی نظریہ پر از سر نو حملہ کی تیاری کر رہی ہیں ۔ دینی قوتیں ہر طرحح کی مسلکی کشیدگی کا سدباب کریں ، نظام مصطفیٰؐ کے لیے متحد ہو جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کیس اور عقیدہ ختم نبوت قانون کے ساتھ مجرمانہ چھیڑ چھاڑ حکمران جماعت کے زوال کا باعث بن رہے ہیں ۔