Live Updates

ناقص منصوبہ بندی کے باعث صنعتیں مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، عمران خان

صنعتکاروں کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں، قبل از وقت انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا دورہٴ کاٹی معاشی استحکام کو ملکی سیاسی ایجنڈے میں شامل ہونا چاہیے، صدر طارق ملک، راشد صدیقی، زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان اور دیگر کا اظہار خیال

بدھ 13 دسمبر 2017 19:27

ناقص منصوبہ بندی کے باعث صنعتیں مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، عمران ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک صنعت کاروں اور تاجروں کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، بزنس کمیونٹی کی مشاورت کے بغیر ہونے والی پالیسی سازی سے معاشی حالت میں بہتری نہیں آتی، توانائی کے شعبے میں ہمارے ہاں وسیع البنیاد منصوبہ بندی نہیں ہوئی جس کی وجہ سے صنعتیں مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، ہم صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے، براہ راست منتخب ہونے والا میئر ہی کراچی کے مسائل حل کرسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، سینیٹر عبدالحسیب خان، راشد صدیقی، زبیر چھایا، خالد تواب اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم تاجروں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے جسے حل کرنے کے لیے صنعت کار اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا عام سطح پر ہونے والی کرپشن سے زیادہ وزیر اعظم اور وزراء کی کرپشن ملک کو تباہ کرتی ہے، گذشتہ دو دہائیوں سے اسی کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کراچی کو جتنی توجہ دینی چاہیے تھی نہیں دے سکا، انہوں نے کہا کہ کراچی کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے، یہاں کے مسائل صرف براہ راست طور پر منتخب ہونے والا میئر ہی حل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا معاشی اصلاحات کے لیے پی ٹی آئی مکمل لائحہ عمل تیار کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے ساتھ اگر فاٹا کا انضمام نہ کیا گیا تو وہاں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اب حکومت کے پاس اس کے سوا جوئی چارہ نہیں اور وقت سے پہلے انتخاب کوئی غیر جموہری آپشن نہیں جس کی مخالفت کی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ختم نبوت ﷺ مسئلے پر غیر ذمے داری کا ثبوت دیا، جب تک راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر نہیں آتی یہ مسئلہ کسی بھی وقت دوبارہ کھڑا ہوسکتا ہے۔

قبل ازیں کاٹی کے صدر طارق ملک نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کیا اور سرپرست اعلیٰ کاٹی ایس ایم منیر کا خیر مقدمی پیغام بھی ان تک پہنچایا۔طارق ملک نے کہا کہ عمران خان نے اہم ملکی مسائل پر واضح اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا وہ ایک وژن رکھنے والے سیاست دان ہیں، اس وقت پاکستان کو تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

راشد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی نے پی ٹی آئی کو گزشتہ انتخابات میں بے پناہ پذیرائی دی لیکن کراچی سے منتخب ہونے والے پارٹی کے واحد رکن اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نہ حلقے میں نظر آتے ہیں اور نہ ہی بزنس کمیونٹی کی تقریبات میں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن اور بدعنوانی جیسے موضوعات پر قوم کو بے دھڑک اور دو ٹوک مؤقف بیان کرنا سکھادیا ہے۔

راشد صدیقی نے مزید کہا کہ عمران حزب مخالف کے فعال ترین لیڈر ہیں، تاجر و صنعت کاروں کے زیر التوا چار سو ارب کے ریفنڈز اورصنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے انہیں آواز بلند کرنی چاہیے۔ زبیر چھایا نے کہا کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے لیکن اس کے باوجود کوئی اسے اوون کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعتیں شدید مسائل میں گھری ہیں معیشت کو قومی سیاست کے ایجنڈے پر سرفہرست لانا ہوگا۔

سینیٹر عبدا لحسیب خان نے کہا کہ پیداواری لاگت میں کمی، چھوٹے اور درمیانے درجے کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور خطے کے بدلتے حالات کے مطاق معاشی پالیسیاں تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ انتخابات کے لیے منشور کی تیاری کا عمل شروع ہوچکا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کے لیے حکمت عملی تیار ہوچکی ہے اور بہت جلد معیشت سے متعلق پی ٹی آئی کا منشور بھی منظر عام پر آجائے گا۔ اس موقع پر تاجر و صنعت کار برداری کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی، اسد عمر، خرم شیر زمان، فیصل واڈا ، عمران اسماعیل، علی حیدر زیدی اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :