پشاور، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت موجودہ صورتحال میں پختون محروم و مایوسی کا شکار ہیں،سکندر حیات شیرپائو

بدھ 13 دسمبر 2017 19:13

پشاور، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت موجودہ صورتحال میں پختون ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے،ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی، حکمرانوں کی عدم توجہ اور غلط پالیسیوں کی بدولت موجودہ صورتحال میں پختون محروم و مایوسی کا شکار ہیں ،ان سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے۔

وہ بدھ کو وطن کور پشاور میں پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین افضل پنیالہ اور ملک عدیل اعوان کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر افضل خان پنیالہ اور ملک عدیل اعوان کی کوشیشوں سے پی ٹی آئی پشاور سٹی اور دوسری سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنو ںسید حلیم شاہ باچا، آصف خان،قیصر خان،فاروق خان، اسد خان اور عثمان خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چارسال کا عرصہ نان ایشوز میں ضائع کیا ،اب بے وقت اور بغیر منصوبہ بندی کے منصوبے شروع کر رہی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی بجائے ذہنی کوفت میں مبتلا کردیا گیا۔انھوں نے کہا کہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتیں فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام پر متفق ہیں تو پھر مسئلہ کیا ہے کہ اب تک اس ایشو کو لٹکایا ہوا ہے، ، صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری و نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے،پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہے جنہوں نے ملک کی استحکام کیلئے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں لیکن ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی قدم اٹھایا نہیں جا رہا ہے جو کہ ان کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ان کے حقوق ،ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :