وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبدالله دوئم ابن الحسین کی او آئی سی کے غیر معمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات

امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور سفارتخانہ کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلہ کے مضمرات پر گہری تشویش کا اظہار

بدھ 13 دسمبر 2017 19:08

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبدالله دوئم ابن الحسین کی ..
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبدالله دوئم ابن الحسین نے امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور سفارتخانہ کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلہ کے مضمرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار بدھ کو یہاں او آئی سی غیر معمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے منافی ہے، اس فیصلہ کو ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے شاہ عبدالله دوئم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ اور ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس قاضی بھی ملاقات میں موجود تھے۔