گورنرسندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم کی ملاقات

بدھ 13 دسمبر 2017 18:49

گورنرسندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے گورنر ہائوس میں ملاقا ت کی ۔ ملاقات میں جاری صورتحال و ترقیاتی منصوبوں گرین لائن ،M-9 موٹر وے ،لیاری ایکسپریس وے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے بغیر تیز رفتار ترقی اور سی پیک منصوبہ کی افادیت سے استفادہ حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے صوبہ میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ٹھٹھہ ، جیکب آباد ، ٹنڈو محمد خان، نوشہروفیروز،سجاول اور حید رآباد میں دیئے جانے والے ترقیاتی فنڈ ز کا زیادہ تر حصہ بھی انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے کاموں پر خرچ کیا جا رہاہے اسی طرح کراچی ترقیاتی پیکج سے بھی کراچی کے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر کام کئے جا ئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور دلچسپی لے رہی ہے، سی پیک کی تکمیل سے گوادر اور کراچی کو تجارتی سرگرمیوں میں مرکزی اہمیت حاصل ہو گی ، خطہ کے اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی سے تجارتی سرگرمیوں کی دنیا کے دیگر ممالک تر رسائی آسان ہے اسی لئے غیر ملکی سرمایہ کارشہر میں سرمایہ کاری کے ذریعہ اپنے کاروبار کو وسعت دے رہے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لئے شہر میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی شو کیش ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے مکینوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سفری سہولیات سے مزین گرین لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، لیاری ایکسریس وے کا کام بھی تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے ، M-9 موٹر وے کی تکمیل سے کراچی سے حیدرآباد تک سفر آرام دہ ہو گیا ہے ، ترقیاتی کاموں کے باعث ہی معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہاہے دیگر منصوبوں کی تکمیل سے ان سرگرمیوں میں مزید اضافہ کی توقع ہے ،معاشی ، تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد بھی ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت جاری ہے اور مشترکہ طور پر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا کہ صوبہ کی ترقی سے عوام کو معیار زندگی بھی بہتر ہو گا اس ضمن میں گورنر سندھ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اسی وژن کے تحت سب کو کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبہ میں مزید موٹر ویز تعمیر کرے گا تاکہ ان موٹر ویز کے ذریعہ صوبہ کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملایا جا سکے اس ضمن میں متعدد منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں جن کا جلد اعلان کردیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :