فرانس کے سرمایہ کاروں کی سی پیک میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، گورنر سندھ

سی پیک اہم ترین منصوبہ ہے ، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم دیکھنے کے خواہش مندہیں، سینیٹر پاسکل ایلیزرڈ

بدھ 13 دسمبر 2017 18:43

فرانس کے سرمایہ کاروں کی سی پیک میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، گورنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک فرانس دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے بھر پور اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں ، فرانس کے سرمایہ کاروں کی اقتصادی راہداری منصوبہ میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے،مشترکہ مفاد ات کا تحفظ ، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے ،لوگوں کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور خطہ سے غربت کا خاتمہ پاکستا ن کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں پاک فرانس دوطرفہ تعلقات اہم ثابت ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں فرانس کے سینیٹر پاسکل ایلیزرڈ کی قیادت میں آنے والے تین رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر فرانس کے قونصل جنرل فرانکوئس ڈالرسو اور سینیٹر گیسیلے جورڈا بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں امن و امان کے قیام ،سرمایہ کاری ،دوطرفہ تجارت ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ، مشترکہ مفادات کے اٹھائے گئے اقدامات ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں پاک فرانس تعلقات میں مزید فروغ ، سرمایہ کاری ، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ، عوامی فلاح و بہبو د کے منصوبے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے دوطرفہ اقدامات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں ،سی پیک کی تکمیل سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اس ضمن میں فرانس کی سرمایہ کاری سے خطہ کی تیز ترین ترقی ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیاں شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کررہی ہیں اس ضمن میں فرانس کے سرمایہ کاربھی شہر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون او ر مدد فراہم کرے گی ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے سرمایہ کاری اہم ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے بعد ملک بھر سے توانائی بحران کا بھی جلد خاتمہ یقینی ہے ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سمیت پورے ملک میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ سے پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہے اس ضمن میں تیز ترین ترقی کے حصول کے لئے ملک بھر میں موٹرویز ، سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ دی جار ہی ہے ، صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔

ملاقات میں فرانس کے سینیٹر پاسکل ایلیزرڈنے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، سی پیک کی تکمیل سے خوشحالی کے نئے دور کے آغاز سے پاکستان کی ترقی مزید تیز ہو جا ئے گی ،فرانس پاکستان کو خوشحال ،ترقی یافتہ، مضبوط اور مستحکم دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں فرانس کا بھرپور تعاون پاکستان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام پر پاکستان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، فرانس کے سرمایہ کار صوبہ سمیت پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں ، سی پیک منصوبہ میں فرانس کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں مثبت نتائج مرتب ہونگے ۔

واضح رہے کہ فرانس کی سینٹ کا تین رکنی وفد بیجنگ ، ہانگ کانگ اور اسلام آباد آباد سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچا ہے جہاں انہوں نے امن و امان او ر ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ترقی کی درست سمت پر گامزن ہو چکا ہے ۔