32 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے حویلیاں گرڈ سٹیشن سے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات ملے گی ،ْ

مرتضیٰ جاوید عباسی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے بڑے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر کے اندھیرے ختم کئے ،ْ میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 18:32

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ32 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے حویلیاں گرڈ سٹیشن سے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات ملے گی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے بڑے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر کے اندھیرے ختم کئے، حکومت اور نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے 2018ء میں نظر بھی نہیں آئیں گے۔

وہ بدھ کو حویلیاں گرڈ سٹیشن کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے تحصیل بھر میں بجلی کی ترسیل میں 300 فیصد اضافہ ہو گا، حکومت نے ملک بھر سے بجلی بحران کو ختم کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرامن ماحول فراہم کر کے ملک کو خوشحالی کی جانب رواں کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، جو لوگ دھرنوں کی سیاست کر کے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ عوام میں کمزور ہیں۔

مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اسلام پسند اور ایک نظریاتی جماعت ہے جس نے بین الاقوامی سطح پر ملک کو مضبوط کیا، جن لوگوں کو عوام نے سیاسی طور پر مسترد کیا ہے وہ مسلم لیگ (ن) سے خوفزدہ ہیں۔ مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ حویلیاں گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے حویلیاںحلقہ کی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایس ای او واپڈا قاضی طاہر کو ہدایت کی کہ گرڈ سٹیشن کے بقیہ کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) حویلیاں کے مقامی رہنما نصیر احمد عباسی، ملک حبیب الرحمن، ممبر ضلع کونسل ارشاد خان، ممبر تحصیل کونسل امجد اقبال تنولی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :