صومالیہ پاکستان کیلئے تزویراتی طور پر ایک اہم ملک ہے، اس کے ساحلی شہر گوادر کے ذریعے متوقع تجارت کے حوالے سے افریقہ کیلئے گیٹ وے کا کام کر سکتے ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صومالیہ کے صدر محمد عبداللہ محمد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 18:24

صومالیہ پاکستان کیلئے تزویراتی طور پر ایک اہم ملک ہے، اس کے ساحلی شہر ..
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صومالیہ پاکستان کے لئے تزویراتی طور پر ایک اہم ملک ہے کیونکہ اس کے ساحلی شہر گوادر کے ذریعے متوقع تجارت کے حوالے سے افریقہ کیلئے گیٹ وے کا کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات صومالیہ کے صدر محمد عبداللہ محمد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں او آئی سی کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان بالخصوص دوطرفہ تجارت اور مواصلاتی رابطوں میں اضافے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صومالی سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور تربیت کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر محمد عبداللہ نے صومالیہ کے امن و ترقی کے لئے پاکستان کی گراں قدر خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بالخصوص ماضی میں صومالیہ کے استحکام کے حوالے سے پاکستان امن دستوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی کے دوران ان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے ہزاروں صومالی طالب علموں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا جو صومالیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے مضبوط اور پائیدار برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔