الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ووٹ کی اہمیت بارے واک اور سیمینار کا اہتمام

بدھ 13 دسمبر 2017 17:43

الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ووٹ کی اہمیت بارے واک اور سیمینار کا اہتمام
سرگودھا ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) ریجنل الیکشن کمشنر سرگودھا ریجن محمد ندیم زبیر نے کہا ہے کہ عوام میں ووٹ بنوانے اور ووٹ ڈالنے کا شعور بیدار کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام جلد واک سیمینار کا اہتمام کیاجائیگا، میڈیا کے ذریعے عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کیاجائیگا تاکہ آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ٹرن آئوٹ زیادہ سے زیادہ ممکن بنایاجاسکے ،یہ بات اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سرگودھا اسد اللہ عتیق‘ الیکشن آفیسر سرگودھا باسل اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے،محمد ندیم زبیر نے کہا کہ الیکشن ایکٹ2017ء میں خواتین کو فوکس کرنے پر زور دیاگیا ہے تاکہ 18سال اور اس سے زائد عمر کی تمام خواتین نہ صرف ووٹ بنوائیں بلکہ ووٹ کاسٹ بھی کریں اس لئے خواتین کوووٹ بنوانے کی طرف متوجہ کرنے کیلئے نہ صرف ضلع اور تحصیل کی سطح پر بلکہ یونین کونسل کی سطح پر بھی مختلف پروگرام تشکیل دیئے جائیں گے،اُنہوں نے کہا کہ نیا ووٹ بنانے کا طریقہ بہت آسان بنادیا گیا ہے‘ 18سال عمر والے تمام مرد وخواتین نادرا سے شناختی کارڈ بنواتے ہوئے اپنے مستقل یاعارضی کسی ایک پتہ پر ووٹ نادرا آفس میں ہی درج ہوجائیگا،عوام میںشعور اُجاگر کرنے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے اور ہم میڈیا کی معاونت کے حصول کیلئے صحافی برادری سے رابطہ میںرہیںگے۔

متعلقہ عنوان :