ملک میں مہنگائی کے طوفان کی پیشگوئی ہے ،حکومت سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے‘ جمشید چیمہ

حکومتی ناکامیوں پر حقائق نامہ جاری کرینگے ،عوام اقتدار کی باریاں لینے والوں سے پیچھا چھڑانے کااٹل فیصلہ کر چکے

بدھ 13 دسمبر 2017 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ ملک میں آنے والے دنوںمیں مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ، گیس کے ٹیرف میں بھی مزید اضافے کی منصوبہ بندی کی شنید ہے جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وژن سے عاری حکومت کا ہر دن عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل رہا ہے اور اس کے باوجود سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔

آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات، کھانے کا تیل ، دالوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 20فیصد تک اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت سے مطالبہ ہے کہ کرپشن کرنے اور چھپانے سے توجہ ہٹا کر ملک اور اس میں بسنے والے پسے ہوئے طبقات پر بھی نظر ڈال لی جائے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تجربہ کار حکمرانوں کی ناکامیوں پر حقائق نامہ جاری کیا جائے گا اور اعدادوشمار کے ساتھ ان کے دعوئوں کو غلط ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور پاکستان کا ایک ساتھ چلنا مشکل ہو گیا ہے اس لئے عوام آئندہ عام انتخابات میں اقتدار کی باریاں لینے والوں سے پیچھا چھڑانے کااٹل فیصلہ کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :