ماڈل قانون برائے ناگویا پروٹوکول تمام صوبوں کو ارسال کر دیا، یہ صوبائی معاملہ ہے اس لئے تمام صوبوں کو چاہئے کہ وہ اس قانون کو جلد از جلد اپنی اسمبلیوں سے پاس کرائیں،مشاہد الله خان

بدھ 13 دسمبر 2017 17:17

ماڈل قانون برائے ناگویا پروٹوکول تمام صوبوں کو ارسال کر دیا، یہ صوبائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے طویل مشاورت کے بعد ماڈل قانون برائے ناگویا پروٹوکول تیار کرکے تمام صوبوں کو ارسال کر دیا گیا ہے، یہ آئینی اعتبار سے ایک صوبائی معاملہ ہے اس لئے تمام صوبوں کو چاہئے کہ وہ اس قانون کو جلد از جلد اپنی اسمبلیوں سے پاس کرائیں۔

وہ ناگویا پروٹوکول پر عملدرآمد کے حوالہ سے عبوری قومی رپورٹ کی تیاری کے بارے میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج مختلف شعبہ زندگی کے نمائندگان ایک عظیم مقصد کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں اور یہ موقع ناگویا پروٹوکول کی پہلی قومی رپورٹ کو سب کی مشاورت سے تشکیل دینے کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناگویا پروٹوکول سادہ الفاظ میں یہ ہے کہ کسی جڑی بوٹی کے فوائد جانچتے ہوئے اس کی کوئی دوائی بنائی جائے تو اس دوائی کی ایجاد کے فوائد مقامی آبادی کو بھی دیئے جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے 104 ممالک بشمعول یورپی یونین، جاپان، بھارت، بنگلادیش وغیرہ اس بین الاقوامی معاہدہ پر دستخط کر چکے ہیں، لہذا ہمیں چاہئے کہ پاکستان اس سلسلہ میں صوبائی سطح پر قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فائدے بنی نوع انسان کیلئے ایک قانونی دائرہ کار میںرہتے ہوئے مہیا کئے جائیں، اس سلسلہ میں میں پاکستان کی ادویات ساز کمپنیوں، حکیموں اور خاص طور پر وہ جامعات جہاں فارمیسی پڑھائی جاتی ہے، سے گزارش کروں گا کہ آگے بڑھیں اور اس قانون سازی کو عملی جامع پہنانے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کا ساتھ دیں۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ ان کی وزارت نے اس سلسلہ میں کافی محنت کی اور ایک طویل مشاورت کے بعد ماڈل برائے ناگویا پروٹوکول جس کو ماڈل قانون برائے ناگویا پروٹوکول کا عنوان دیا گیا ہے تیار کرکے تمام صوبوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ یہ آئینی اعتبار سے ایک صوبائی معاملہ ہے اس لئے تمام صوبوں کو چاہئے کہ وہ اس قانون کو جلد از جلد اپنی اسمبلیوں سے پاس کرائیں۔