پاکستا ن میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں،رانا محمد اقبال

سی پیک کی تکمیل سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ،سپیکر پنجاب اسمبلی سے فرانسیسی وفد سے گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 17:06

پاکستا ن میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں،رانا محمد اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2017ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے فرانس کے 10رکنی پارلیمانی وفد نے ممبر نیشنل اسمبلی آف فرانس، فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے صدرجین برنارڈ سمپے شی ایس (Mr. Jean Bernard Sempastous) کی قیادت میں اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ سپیکر نے وفد کے اراکین کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور پارلیمانی روایات سے آگاہ کیا ۔

سپیکر نے وفد کے اراکین کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے ۔وفد کے شرکاء نے پاکستان میں جمہوری روایات کے فروغ اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پنجاب تعلیم ‘ صحت ‘ زراعت ‘ صنعت اور دیگر شعبہ جات میںبے مثال ترقی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کاروباری ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت نے بہترین پالیسیاں وضع کی ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں اربوں ڈالرز کے معاہدے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی خدمات باقی صوبوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے ۔

ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فا ئیٹر ہیں۔ ہم نے دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے بے مثال قربانیاں دیں ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو گا۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ فرانس کے پارلیمانی وفد کی آمد سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہونگے۔

وفد کے سربراہ جین برنارڈ سمپے شی ایس(Mr. Jean Bernard Sempastous) نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، دونوں ممالک کو تمام شعبہ جات میں ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ بعدازاں سپیکر نے وفد کے اعزاز میں ایک مقامی ہوٹل میں ظہرانہ بھی دیا