ہنگو،ٹل کرسچن الیون کرکٹ ٹیم نے کرسمس ٹورنامنٹ ٹرافی اپنے نام کر لی

بدھ 13 دسمبر 2017 16:34

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے نوجوانوں نے اپنی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے یکم دسمبر 2017سے کرسچن ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا جس کا فائنل میچ تحصیل ٹل کے پبلک پارک گراؤنڈ میں پارا چنار کرسچن اور ٹل الیون کے درمیان کھیلا گیا، پارا چنار کرسچن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10اوورز میں 60رنز کا ہدف دیا،جواب میں ٹل کرسچن الیون نے بہ آسانی فائنل چھ وکٹوں سے جیت کر کرسمس ٹورنامنٹ ٹرافی اپنے نام کر لی جبکہ ٹل کرسچن الیون کے ارشد مسیح فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ٹل سراغنڈی ناظم شہزاد خان تھے۔ ناظم شہزاد خان اور اقلیتی رہنماء شہزاد مسیح نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوںسے نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشونما ہوتی ہے اوروہ مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کرسمس ٹورنامنٹ کرسچن برادری کیلئے کرسمس کے موقع پر خوشیوں کا آغاز تھااوراس ٹورنامنٹ کا مقصد علاقے میں امن کو فروغ دینا ہے۔

انہوںنے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی کہ چونکہ اقلیتی برادری بھی اس ملک کا حصہ ہے اسلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کرسچن کھلاڑیوں کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوٹہ مختص کیاجائے تا کہ اقلیتی برادری کے کھلاڑیوں کوبھی انٹر نیشنل کرکٹ میں ملک کی طرف سے کھیلنے کا موقع مل سکے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے ونر ٹیم کوٹرافی دی جبکہ رنر اپ ٹیم میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :