ہیومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا صنفی بنیادوں پر تشدد کے حوالہ سے مقامی خواتین کیلئے آگاہی سیشن کا انعقاد

بدھ 13 دسمبر 2017 16:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) سماجی تنظیم ہیومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور دستگیر لیگل ایڈ سنٹر ہری پورکے اشتراک سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے حوالہ سے مقامی خواتین کیلئے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، تشدد کا شکار خواتین کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں مفت قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی تنظیم ہیومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور دستگیر لیگل ایڈسنٹری ہری پور کے اشتراک سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے حوالہ سے مقامی خواتین کیلئے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سنٹر کی سوشل موبلائزر بشریٰ سلیم اور ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان نے خواتین کو آگاہ کیا کہ معاشرہ میں خواتین کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے مردوں کے ہیں لیکن ہمارے معاشرے میں نہ صرف صنفی بنیادوں پر خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے بلکہ ان پر مختلف قسم کا تشدد بھی کیا جاتاہے جس کے خلاف خواتین میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے حق کیلئے خود آواز بلند کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دستگیر لیگل ایڈ سنٹر میں تشدد کا شکار خواتین کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں مفت قانونی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔