ایس ایم ای فائونڈیشن کی کارکردگی قابل تعریف ہے‘ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی

ایس ایم فائونڈیشن بین الاقوامی طرز پر بیروزگار کے خاتمے میں کردار ادا کریگی‘ صدر ایس ایم ای فائونڈیشن ولی اللہ خان

بدھ 13 دسمبر 2017 15:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) ایس ایم ای فائونڈیشن کے وفد نے صدر ولی اللہ خان کی قیادت میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ایس ایم فائونڈیشن کے اغراض و مقاصد اور ملک سے غربت و بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ولی اللہ خان نے کہا کہ ملک میں غربت و بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح سنگین مسئلہ ہے جس سے پیدا ہونے والے معاشرتی مسائل پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے اس مقصد کی تکمیل کے لئے ایس ایم ای فائونڈیشن نے ملک سے غربت و بیروزگاری کے خاتمے کا بیڑہ اٹھایا ایس ایم فائونڈیشن بین الاقوامی طرز پر بیروزگار کے خاتمے میں کردار ادا کرے گی۔

ایس ایم ای فائونڈیشن پڑھے لکھے ہنر مند نوجوانوں کو سی پیک سے منسلک منصوبوں و دیگر نجی اداروں میں روزگار فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی تاکہ ہمارے نوجوان معاشرے کے باوقار شہری کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے ملک سے غربت وبیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے ایس ایم ای فائونڈیشن کے مشن کو سراہا اور حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک سے بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس حکمت عملی طے کی ہے۔ سی پیک سے ملک میں بے شمار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بیروزگاروں کو بہترین روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جس کے لئے نوجوانوں کو ابھی سے تیاری کرنی ہوگی۔