چین کی پاکستان میں قدیم تہذیبی مقامات، آثار اور اشیاء کو محفوظ بنانے اور یکھ بھال یقینی بنانے کیلئے پاکستانی ماہرین کو تربیت دینے کی پیشکش

بدھ 13 دسمبر 2017 15:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) چین نے پاکستان میں قدیم تہذیبی مقامات، آثار اور اشیاء کو محفوظ بنانے اور ان کی دیکھ بھال کویقینی بنانے کے لئے پاکستانی ماہرین کو تربیت دینے کی پیشکش کی ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے چھ رکنی وفد نے یہ پیشکش قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورہ کے موقع پر وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن سے ملاقات میں کی۔

ڈینگ ژیالین کی قیادت میں چینی وفد کے ارکان کو مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی قیادت میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی جانب سے علم وادب کے فروغ اور تاریخ وثقافت کے شعبہ میں اقدامات اور منصوبہ جات بارے آگاہ کیاگیا۔ وفاقی سیکرٹری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان آئرن برادرز کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مثالی دوستی باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید گہری ہورہی ہے۔

مختلف شعبہ جات کی طرح علم وادب اور تاریخ وثقافت کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوںنے وفد کو بتایا کہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی سربراہی میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت میں قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لئے اہم پیش رفت کی ہے اور آئندہ سال کے آغاز میں عجائب گھر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انجینئر عامر حسن نے بتایا کہ پاکستان قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے۔

اسلام کے علاوہ وادی سندھ، گندھارا، مہر گڑھ، موئنجوداڑو اور ہڑپہ سمیت دنیاکی بڑی تہذیبوںاور مختلف مذاہب کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں موجود ہیں۔ پاکستان ہر سال سکھ یاتریوں کے مذہبی تہواروں کے بہترین انتظامات کرتا ہے۔ بدھ مت کے پیروکاروں کی آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کا بھی باضابطہ سلسلہ شروع ہوا ہے۔ آئین پاکستان کے تحت اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد کی مکمل آزادی ہے اور وہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے ان کے تمام حقوق کا تحفظ کیاگیا ،ْ چینی وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے کوششوں کو سراہتے ہوئے آثارقدیمہ کو محفوظ بنانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے پاکستانی ماہرین کی چینی ماہرین کے ذریعے تربیت کی پیشکش کی تاکہ ان کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہو۔

انجینئر عامر حسن نے چینی ماہرین کی جانب سے تربیت کی پیشکش پر وفد کا شکریہ اداکیا۔ دریں اثناء وفد نے انجینئر عامر حسن کی دعوت پر 70سالہ جشن آزادی کے حوالے سے اسلام آباد میوزیم میں منعقدہ تاریخی نوادارت کی نمائش کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے فن پاروں اور مختلف تاریخی اشیاء میں گہری دلچسپی لی۔ وفد سے ملاقات کے موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن کے جوائنٹ سیکریٹری کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی، ڈپٹی سیکرٹری نذیر احمد کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :