مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ

بعض علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا محکمہ موسمیات کا آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

بدھ 13 دسمبر 2017 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ،ْ بعض علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے۔ اطلاعا ت کے مطابق پنجاب سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کاسلسلہ جاری رہا ،ْ ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے برفباری ہوئی اور درجہ حرارت منفی 2 تک گرگیا ہے ،ْبرفباری کے باعث دھند نے ڈیرے جمالیے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پہاڑی علاقوں میں برف کی سفیدی بکھر ی سوات کے علاقوں مالم جبہ، کالام میں ایک ایک فٹ، مہو ڈنڈ اور گبرال میں2 فٹ برف پڑ چکی ہے۔

(جاری ہے)

دیر اپر اور دیربالا میں بھی پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری رہا ،ْ سرد ترین مقامات قلا ت میں درجہ حرارت منفی 09، کوئٹہ میں منفی 07، دالبندین میں منفی 05ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز ہونے والی بارش نے موسم کو سرد کردیا ،ْ بارش کے باعث میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلتے رہیں اور درجہ حرارت کم ہوگیا ،ْ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پشاور میں سوئی گیس کی قلت پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے لوگوں کوپریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہا ٹ ڈویڑن، فاٹا میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی ،ْ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیراور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔