سی پیک کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو کر دنیا کے مختلف خطوں کو باہم ملا دے گا،

گوادر پورٹ پر مستقبل قریب میں بھرپور سرگرمیاں بھی شروع ہو کر خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گی صدر مملکت ممنون حسین کی پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2017 15:37

سی پیک کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو کر دنیا کے مختلف خطوں کو باہم ملا دے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائے گا جو دنیا کے مختلف خطوں کو باہم ملادے گا،گوادر پورٹ پر مستقبل قریب میں بھرپور سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی جو اس خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔صدر ممنون حسین نے یہ بات پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ چینی دوستوں سے ملاقات ہمیشہ باعث مسرت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک حقیقی اور پرخلوص دوست ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے ضمن میں ان کے خیالات یکساں ہیں اور وہ دیگر معاملات میں بھی بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی نسل در نسل جاری رہے گی۔ صدر ممنون حسین نے وفد کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی ڈویژن کام کر رہاہے۔

وفد نے حکومت پاکستان کی طرف سے چینی باشندوں کو مہیا کردہ سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے صدر مملکت کو پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی تفصیلات سے آگاہ کیااور بتایا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مزید مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔