نبی آخرالزماں ؐ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے‘ڈاکٹر عبداللہ آصف مصطفائی

بدھ 13 دسمبر 2017 14:53

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء)نبی آخرالزماں ؐ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے،محبوبِ خدا کی ولادت کا دن منانے والے دنیا کے خوش قسمت ترین انسان ہیں آپ کی سیرت ہی امن کاپیغام ہے آقاؐ کا میلاد منانا ہمارے لئے باعث نجات ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ڈاکٹر عبداللہ آصف مصطفائی،صدر کامونکے ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز شیخ محمد نعیم شہزاد،جنرل سیکرٹری محمد عاقب خان اور سرپرست اعلیٰ محمد ریاض چشتی نے گزشتہ روز کامونکے ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونیوالی سالانہ محفل میلادِ مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ حضور اکرم ؐ پوری دنیا کے لیے رحمة اللعالمین بن کر آئے انہوںنے پیار محبت ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے آج تمام مسلمانوں کو متحد ہوکر اسوہ رسولؐ پر عمل پیرا ہونا ہوگاامت مسلمہ کی نجات اسوہ رسول ؐ پر چلنے میں ہے اس کے علاوہ ہمیں کہیں سے بھی نجات حاصل نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ ؐ کا میلاد ِمبارک منانا ہم سب پر لازم ہے چونکہ اس خوشی کے بغیر تمام خوشیاں ادھوری و پھیکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حضوراکرم ؐ کی عقیدت و محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے آپ کی ذات بھی سب سے افضل و اعلیٰ اور بات بھی سب سے اعلیٰ و افضل ہے حضور اکرم ؐ کا اسوہ حسنہ امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے آپ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔