نواز شریف مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے مطالبے سمیت 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

محکمہ سکول ایجوکیشن کی غفلت کے باعث اساتذہ کی مختلف گریڈ میں پرموشن نہ ہونے پر اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار بھی جمع کروا دی گئی

بدھ 13 دسمبر 2017 14:52

نواز شریف مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے مطالبے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے مطالبے، محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے ’’سبجیکٹ ایویلیوایشن‘‘ کا طریقہ متعارف کرانے کی حمایت میں 2قرار دادیں اور ترقیوں کے منتظر اساتذہ کے ساتھ زیادتی کے خلاف تحریک التوائے کا ر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں کیونکہ اگر یہ لوگ اسحاق ڈار کی طرح ملک سے فرار ہو گئے تو پھر ان افراد کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ملکی دولت لوٹنے والوں کو فرار کا رستہ نہیں ملنا چاہیے لہذ اس مقدس ایوان کی متفقہ رائے ہے حکومت پاکستان فلفور میاں نواز شریف اور اُس کے خاندان کو ای سی ایل پر ڈالے۔

مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے ’’سبجیکٹ ایویلیوایشن‘‘ کا طریقہ متعارف کرانے کی حمایت میں قرارداد جمع کرادی۔پنجاب حکومت یہ اقدام انتہائی قابل قدر ہے۔اس سے ہر ٹیچر کی ترقی ،سالانہ انکریمنٹ اور دیگر مراعات یا کٹ لگانے کا فیصلہ انٹر نل اور سالانہ امتحانات کے نتائج سے مشروط کرنے سے تعلیم کا نظام مزید بہتر ہو گا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے یہ اقدامات اساتذہ کی کارکردگی اور چیک اینڈ بیلنس کی غرض سے اٹھائے گئے ہیں۔ایسے اقدامات کی وجہ سے امتحانات میں نتائج بھی مزید اچھے حاصل ہونگے ۔لہذا یہ ایوان محکمہ تعلیم کے ان اقدامات کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب کے نعرے کے برعکس محکمہ سکول ایجوکیشن کی غفلت کے باعث اساتذہ کی مختلف گریڈ میں پرموشن نہ ہونے کے باعث ترقیوں کے منتظر اساتذہ کے ساتھ زیادتی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی۔