اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر پابندی عائد کر دی

پابندی اشتعال انگیزی اور تفرقہ پھیلانے والے پروگرام کے خلاف درخواست کی سماعت میں عائد کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 دسمبر 2017 14:03

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر پابندی عائد کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2017ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے معروف میزبان اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر پابندی عائد کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں تفرقہ پھیلانے اور اشتعال انگیزی کو فروغ دینے والا پروگرام کرنے پر عامر لیاقت حسین کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ٹی وی شوز پر تاحیات پابندی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

عامر لیاقت کے خلاف درخواست محمد عباس نامی شہری نے ایڈوکیٹ شعیب رزاق کے توسط سے دائر کی تھی۔ درخواست میں وفاق، پیمرا، پی ٹی اے اور عامر لیاقت کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نام نہاد عالم ہیں جن کے پاس اسلامی تعلیمات کی کوئی ڈگری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عامر لیاقت حسین عالم آن لائن کے ذریعے کئی برس سے مذہبی اور معاشرتی منافرت پھیلا رہے ہیں ۔

درخواستگزار نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی خواتین کے بارے میں بھی اپنے پروگرام میں عامر لیاقت نے غلیظ زبان استعمال کی، عامر لیاقت کفر اور غداری کے فتوے لگاتے ہیں اور عامر لیاقت کے لگائے گئے فتوؤں سے کئی لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ درخواستگزار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ذہنی طو ر پر بیمار ہیں اورانہوں نے پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔

حال ہی میں عامر لیاقت نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہئے معافی بھی مانگی ہے لیکن پیمرا اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عامر لیاقت کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں آنے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کے تمام اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا جائے۔

دوران سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دئیے کہ ایک بندہ اخلاقیات کا جنازہ نکالتا رہا، کفر کے فتوے لگا کر واجب القتل کہتا رہا کسی نے نہیں پوچھا؟ کسی پر الزام لگانے کا حق اسے کس نے دیا ہے؟ پیمرا کے کوڈ آف کنڈکٹ کی باقی چینلز کے ساتھ پی ٹی وی بهی پیروی نہیں کر رہا۔ عدالت نے عامر لیاقت پر ٹی وی شوز کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے حکم دیا کہ عامر لیاقت حسین 10 جنوری کو اگلی سماعت تک ریڈیو اور ٹی وی ٹاک شوز نہیں کریں گے۔ عدالت نے پیمرا، وفاق اور عامر لیاقت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔