Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی استنبول کے میئر میلوت یوسال (Mevlüt Uysal) سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اوراستنبول کے مابین مختلف شعبوں خصوصاً شہری سہولتوں میں بہتری کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال، مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 دسمبر 2017 13:14

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی استنبول کے میئر میلوت یوسال (Mevlüt Uysal) ..
استنبول (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2017ء) : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے استنبول کے میئر میلوت یوسال (Mevlüt Uysal)سے ملاقات کی ۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اوراستنبول کے مابین مختلف شعبوں خصوصاً شہری سہولتوں میں بہتری  کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں اعتراف کیا کہ ترکی میرے دل کے بہت قریب ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین بے مثال دوستانہ تعلقات ہیں۔ترکی اور پاکستان کی کے دو طرفہ تعلق کی بڑی وجہ مولانا جلال الدین رومی اور علامہ اقبال کا روحانی میل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے مشکل وقت میں ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبہ میں وسیع تعاون اور بھرپور حمایت کے لے دل کی گہرائیوں سے ترک قیادت کا شکر گزار ہوں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میٹرو پولین میونسپیلٹی آف استنبول نے پاکستان میں سماجی اور معاشی تر قی میں سہارا دیا۔پنجاب میں معاشی اصلاحات کے لئے میئر استبنول کے غیر معمولی ذاتی تعاون کے لئے تہہ دل سے شکر گزار ہیں ۔ ملاقات میں انہوں نے مئیر استنبول کو آگاہ کیا کہ استنبول ماڈل کو پنجاب کے تین شہروں میں میٹرو بس منصوبوں میں استعمال کیا گیا ہے۔

جبکہ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ اور ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں میں استنبول منصوبوں کی پیروی کی گئی ہے۔پنجاب کے لوکل گورنمنٹ ادارو ں کے لئے میٹرو پولین میونسپیلٹی آف استنبول بہترین نمونہ ہے۔وزیر اعلی ٰ پنجاب شہباز شریف نے ا مید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میئر استنبول کی سربراہی میں آئندہ بھی استنبول میٹرو پولین میونسپیلٹی اور پنجاب بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ترکی کے ساتھ گہرے اشتراک اور تکینکی معاونت میں مضبوطی کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی نے بے پناہ ترقی کی ہے اورترک عوام اپنے قائد رجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلہ مشرق وسط؂ُی میں امن کوسبوتاژ کرسکتا ہے۔اسلامی دنیا کو اس اہم ترین مسئلے پر یکجا ہوکر مؤثر حکمت عملی اپنانا ہے۔ ملاقات میں میئر استنبول میلوت یوسال (Mevlüt Uysal) کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے بھی تعاون کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صوبے کی ترقی کے لیے مثالی کام کیا ہے۔ہم آپ کی محنت اورعزم کے قائل ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات