پاکستان کی سعودی عرب کو دفاعی تعاون کی پیشکش‘سعودی عرب کے نائب وزیردفاع کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 دسمبر 2017 11:55

پاکستان کی سعودی عرب کو دفاعی تعاون کی پیشکش‘سعودی عرب کے نائب وزیردفاع ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 دسمبر۔2017ء) وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود دفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں تاہم دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کرتے ہیں۔اسلام آباد میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ملاقات کی۔

سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی حکومت مسلح افواج کی تربیت کے لیے بالخصوص انسداد دہشت گردی غیر معمولی جنگ اور پہاڑوں پر لڑائی کے میدان میں پاکستان کا تعاون چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود د فاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کی۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اسٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک میں یونیورسٹیوں کے معاہدوں کو تشکیل دیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ر ضمیر الحسن شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع فیصل رسول لودھی اور سعودی سفیر نواب سعید المالکی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے خادمین حرمین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی صحت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے سرحدوں پر خلاف ورزی کا ذکر کیا جس کے نتیجے میں بہت سے شہری جاں بحق ہوئے۔ وفاقی وزیر نے اس صورتحال کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی حکومت کو اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کو کہا۔ انھوں نے اسلامی فوجی اتحاد کی کامیاب وزارتی کانفرنس پر سعودی شہزاد ے کو مبارکباد کا پیغام دیا جو انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے منعقد کی گئی اور حرمین شریفین کی حفاظت اور سالمیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :