کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اجلاس

بدھ 13 دسمبر 2017 01:11

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2017ء) کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور صوبائی حکومت کے ہدایات کے تحت شہریوں کو صاف اور شفاف پانے فراہم کرنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ ہر شہری کو پاک، صاف اور شفاف پانے کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ گندہ پانی استعمال کرنے سے مختلف بیماریاں پھیلتی ہیں جن سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کمشنر نے سپریڈنٹ انجنیئر پبلک ہیلتھ لاڑکانہ ڈویزن کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ لاڑکانہ شہر کے عوام کو صاف ستھرا پانی فراہم کرنے کے لئے دریائے سندھ کے عاقل گاؤں پر 20 ایم جی بی الٹرا فلٹریشن پلانٹ اسکیم کے قیام کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کریں تاکہ اس اسکیم پر جلد از جلد کام شروع کیا جاسکے جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجنیئرس، ڈپٹی کمشنرز بھی اپنے اضلاع کے اندر میونسپل کمیٹیز، ٹائون کمیٹیز اور رورل ایریاز کے متعلق صاف پانی کی فراہمی کے متعلق فزیبلٹی رپورٹ پیش کریں تاکہ ہر شہری کو صاف پانی فراہم کیا جاسکے، جو واٹر سپلائی اسکیمیں ناکارہ ہیں انہیں ٹھیک کرکے چلایا جائے اس ضمن میں ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایریگیشن کینالوں میں گندے پانی کے نکاس اور گندی گھاس پھینکنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صاف پانی کی فراہمی کی لئے سخت محنت کریں جس کے لئے متعلقہ افسران کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ شہروں، دیہاتوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ڈرینج کی بھی فزیبلٹی رپورٹس تیار کی جائیں۔ اجلاس میں ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، پبلک ہیلتھ محکمے کے افسران، میئر میونسپل کارپوریشن محمد اسلم شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :