مسعود احمد برکاتی کا انتقال دنیائے ادب کے لئے ایک عظیم نقصان ہے، میئر کراچی

منگل 12 دسمبر 2017 22:23

مسعود احمد برکاتی کا انتقال دنیائے ادب کے لئے ایک عظیم نقصان ہے، میئر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے نامور ادیب، صحافی، دانشور ،بچوں کے ادب کی قدآور شخصیت اور ہمدرد نونہال کے مدیر اعلیٰ مسعود احمد برکاتی کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے دنیا ادب کے لئے ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ مسعوداحمد برکاتی نے 65 برس تک بچوں کے ادب کی خدمت کی، علم و ادب سے تواتر کے ساتھ ان کی وابستگی اور لاکھوں نونہال وطن کی تربیت ان کا عظیم کارنامہ ہے، مسعود احمد برکاتی کے انتقال سے بچوں کے ادب کا بڑا نقصان ہوا ہے، وہ ہمدرد نونہال کراچی کے چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک مدیر اعلیٰ کی حیثیت سے منسلک رہے، پاکستان سمیت پوری دنیا میں بچوں کے ادب میں ایسی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی، مسعود احمد برکاتی ادارتی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بطور ڈائریکٹر مطبوعات ہمدرد صحت اور دیگر رسائل و جرائد کو دیکھتے رہے، وہ یگانہ روزگار شخصیت تھے ، مرحوم نے حکیم محمد سعید کے بعد ادارے کے سینئر ترین رکن کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں، وہ ایک تاریخ ساز شخصیت تھے، اگرچہ وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے مگر اپنی خدمات اور تحریروں کی شکل میں پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :