وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک کی ڈبلیو ٹی او کی 11ویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر چینی ہم منصب ژونگ شان سے ملاقات

منگل 12 دسمبر 2017 22:23

وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک کی ڈبلیو ٹی او کی 11ویں وزارتی کانفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ڈبلیو ٹی او کی 11ویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب ژونگ شان اور نائب وزیر وانگ شوون سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری کامرس محمد یونس ڈھاگہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بات چیت کے دوران وفاقی وزیر نے چین کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے امور کو اجاگر کیا جبکہ پاک۔

چین آزادانہ تجارتی معاہدہ کو جلد حتمی شکل دینے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے پاک۔چین ایف ٹی اے کے آخری مذاکرات کے دوران چینی سیکرٹری تجارت کی جانب سے اٹھائے گئے ایف ٹی اے کے نتائج سے متعلق پاکستان کے تحفظات کا بھی اعادہ کیا۔ ایف ٹی اے سے متعلق پاکستان کے تحفظات دور کرنے اور اسے دونوں ملکوں کیلئے یکساں مفید بنانے کے حوالہ سے وفاقی وزیر تجارت نے معاہدہ پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان نے مارجن آف پریفرنس (ایم او پی) کی جلد از جلد بحالی کی بھی درخواست کی۔ اس موقع پر چین کے وزیر تجارت نے پاک۔چین ایف ٹی اے پر نظرثانی کے حوالہ سے پاکستان کے خدشات دور کرنے پر اتفاق کیا۔