سیاسی مظاہروں سے نمٹنے کے دوران طاقت کے استعمال سے اجتناب برتنا چاہئے، بلاول بھٹو زرداری

منگل 12 دسمبر 2017 22:02

سیاسی مظاہروں سے نمٹنے کے دوران طاقت کے استعمال سے اجتناب برتنا چاہئے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ روز بلاول ہائوس کے باہر آبادگاروں کے احتجاج کو مِس ہینڈل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مظاہروں سے نمٹنے کے دوران طاقت کے استعمال سے اجتناب برتنا چاہیئے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے نشاندہی کی کہ ملک میں موجود اضافی چینی کے معاملے پر نون لیگی حکومت نے جان بوجھ کر لاپرواہی کی، جس کے نتیجے میں گنے کے کاشتکاروں میں بے قینی اور بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عدم اقدامات کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاملے پر حکومت سندہ کاشتکار کمیونٹی اور اس کی نمائندہ تنظیموں کے رہنمائوں کو اعتماد میں لے۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو زرعی معیشت عروج پر تھی لیکن جب سے نواز لیگی حکومت اقتدار میں آئی ہے تو زرعی ترقی کو منفی رجحان کا شکار بنایا گیا ہے۔

انہوں نے حکومت سندہ کو ہدایت کی کہ وہ سیاسی مخالفین سے چوکس رہیں، جواپنے مذموم عزائم کی خاطر آبادگاروں کا روپ دہار سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر داخلہ سندہ کو ہدایت کی کہ وہ گذشتہ روز بوٹ بیسن کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔