اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہ ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائیگی، احسن اقبال

یہ 2013کا پاکستان نہیں ، دہشت گردی کی کمر توڑدی ہے، کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پالیا گیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ

منگل 12 دسمبر 2017 22:02

اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہ ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں طویل نگراں سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں۔

الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے کام کے لیے پانچ سے چھ ماہ درکار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ 2013کا پاکستان نہیں ہے۔ دہشت گردی کی کمر توڑدی گئی ہے۔ کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ کراچی کے کھیل کے میدان بھی آباد ہو رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پالیا ، کوئی بھی حکومت مفت میں بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک بجلی چوری روکنے کے لئے مزید اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے دشمن پاکستان میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں ،جمہوری قوتیں پاکستانی کی ترقی کے لیے کام کریں،امید ہے تمام ادارے تعاون کریں گے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنایا جانا چاہیے،کراچی میں جن افراد نے جرائم میں حصہ لیا۔ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ مطلوب افراد کی حوالگی کیلئے ممالک سے رابطہ میں ہوتے ہیں۔