حکومت پاکستان مصائب اور محرومیوں سے آزاد معاشرہ کے قیام کیلئے پُرعزم ہے،وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ

منگل 12 دسمبر 2017 22:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مصائب اور محرومیوں سے آزاد معاشرہ کے قیام کیلئے پُرعزم ہے اور پاکستان انسانی حقوق کے معاملات میں آئین، اسلام اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ سے رہنمائی لیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فیصل مسجد میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں حکومتی پالیسی میں غربت اور ناانصافی کے خاتمہ کا تصور دیا گیا ہے جس میں انسانی عظمت، قانون کی حکمرانی اور کسی امتیاز کے بغیر سب کیلئے آزادیاں اور بنیادی حقوق کی گارنٹی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا ہے اور اس لائحہ عمل میں انسانی حقوق پر عملدرآمد کا جومیکنزم بنایا گیا ہے وہ پالیسی اور قانونی اصلاحات، انسانی حقوق کی تعلیم، آگاہی، تحقیق اور ابلاغ ہے اور اس میں انسانی حقوق کے قومی اداروں کا قیام اور ان کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔

ممتاز احمد تارڑ نے تقریب سے خطاب کے دوران معذور افراد، اقلیتوں، بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ پر زوردیا۔ وفاقی وزیر نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے انسانی حقوق کے ہائی کمشنز کے دفتر کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آخر میں وزیر نے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی 70ویں سالگرہ منانے پر نیشنل کمیشن آف ہیومین رائٹس سے اظہار تشکر بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :