گیل کی 146 رنز کی طوفانی اننگز، رنگپور رائیڈرز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی نئی چیمپئن بن گئی، رنگپور نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو فیصلہ کن معرکے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 57 رنز سے شکست دی، گیل نے 69 گیندوں پر ریکارڈ ساز 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

منگل 12 دسمبر 2017 22:00

گیل کی 146 رنز کی طوفانی اننگز، رنگپور رائیڈرز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ..
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) کرس گیل کی 146 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت رنگپور رائیڈرز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی نئی چیمپئن بن گئی، رنگپور نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو فیصلہ کن معرکے میں 57 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، رنگپور رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 206 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، گیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، میک کولم 51 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی۔

(جاری ہے)

جہارالاسلام کی 50 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، گیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، رنگپور رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں ایک وکٹ پر 206 رنز بنائے، 5 کے سکور پر رنگپور کی پہلی وکٹ گری جب جانسن چارلس 3 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کرس گیل اور برینڈن میک کولم نے میدان سنبھالا، گیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور سنچری سکور کی، انہوں نے 69 گیندوں پر ریکارڈ ساز 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، میک کولم 51 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 149 رنز تک محدود رہی، ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، 29 کے سکور پر اس کے 4 مستند کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، مہدی معروف اور جوئے ڈینلی صفر، کیرن پولارڈ 5 اور ایون لیوس 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر شکیب الحسن نے جہارالاسلام کے ساتھ مل کر سکور 71 تک پہنچا دیا، یہاں پر نظم الاسلام نے شکیب کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شکیب نے 26 رنز بنائے، مصدق ملک 1 اور شاہد آفریدی 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 129 کے سکور پر سنیل نارائن 14 رنز بنا کر اودانا کی گیند پر بولڈ ہوئے، جہارالاسلام 50 رنز مکمل کرنے کے بعد اودانا کی گیند پر بولڈ ہوئے، ابو حیدر 9 اور خالد احمد 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سوہاگ غازی، اودانا اور نظم الاسلان نے دو، دو جبکہ مشرفی، روبیل حسین اور بوپارا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :