کراچی،شہاب الدین مارکیٹ کی 18 دکانیں لوٹ لی گئیں

واردات کے دوران ملزمان ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے

منگل 12 دسمبر 2017 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کے سامنے شہاب الدین مارکیٹ میںتیسری بار نقب زنی کی واردات ہوئی جس میں18 دکانوں کے تالے کٹرسے کاٹ کر ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کے سامنے شہاب الدین مارکیٹ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب نقب زنی کی واردات ہوئی جس میں ملزمان نے 18 دکانوں کے تالے کاٹے اور درازوں سے نقدی لوٹ لی، ملزمان نے تین بجے کے قریب واردات کی اور ایک گھنٹے میں تیز دھار کٹر سے تالے کاٹے دیے تاہم اس دوران مارکیٹ کا چوکیدار موجود نہیں تھا جب کہ واردات کے دوران ملزمان ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

چوکیدار نے رات کو ہونے والی نقب زنی کی اطلاع مارکیٹ اور پولیس کو صبح میں دی جس کے بعد بریگیڈ پولیس نے موقع پر پہنچ کاٹے گئے تالوں کا جائزہ لیا اور موقع سے دکانداروں سے بات چیت کے بعد دو چوکیداروں کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانہ منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او بریگیڈ نصر اللہ نے بتایا کہ مارکیٹ کے صدر اور عہدیداران کو چوکیدار تبدیل کرنے اور ناقص اور خراب کیمرے کو تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن مارکیٹ کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ وہ خود رات کے وقت مارکیٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے کئی بار جا چکے ہیں لیکن وہاں چوکیدار نہیں تھا، دونوں چوکیدار محمد ہاشم اورسیف الرحمن کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے، مارکیٹ میں نقب زنی کی تیسری واردات ہے، دکانداروں نے دکان میں کیش رقم رکھنا بند کر دی تھی، مارکیٹ کا اوپری حصہ کھلا ہوا ہے، شبہ ہے ملزمان اوپر سے واردات کے لیے آتے ہوں۔#

متعلقہ عنوان :