ملاوٹ زدہ شہد ماضی کا قصہ، ملاوٹ مافیا نے شیرے والے شہد کے چھتے بھی تیار کر لیے

تھانہ نولکھا میں مقدمہ درج،شیرے اور گلوکوز سے تیار کردہ 2ہزار کلو گرام جعلی شہد تلف کر دیا گیا،ڈی جی فوڈ اتھارٹی

منگل 12 دسمبر 2017 21:45

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نولکھا میں عزیز اللہ ہنی فیکٹری کو جعلی شہد تیار کرنے پر سیل کر تے ہوئے شیرے اور گلوکوز سے تیار کردہ 2ہزار کلو گرام شہد برآمد کر کے تلف کر دیا ،تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے نولکھا میں عزیز اللہ ہنی فیکٹری پر چھاپہ مارا تو شیرے اور گلوکوز سے شہد تیار کیا جا رہا تھا، شہد کو اصل ثابت کرنے کے لیے شہد کے جعلی چھتے پلاسٹر آف پیرس اور فوم کی مدد سے تیار کیے جا رہے تھے، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 2ہزار کلو گرام شہد موقع سے برآمد کر کے تلف کر دیا اورفیکٹری سیل کرکے مالک کے خلاف تھانہ نولکھا میں مقدمہ درج کروا کر موقع سے گرفتا کر وا دیاگیا، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی ویجیلنس سیل کی خفیہ اطلاعات پر کی گئی،فیکٹری کو جعلی شہد تیار کرنے پرسیل کیا گیا اورملاوٹ مافیا کی چالاکی کو نے نقاب کیا گیا، فیکٹری میں فوم اور پلاسٹر آف پیرس کی مدد سے چھتے تیار کرنا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا، شہد کو اصل دکھانے کے لیے مکھیوں کے جعلی چھتے شہد میں رکھے جاتے تھے،جعلی ناقص شہد کی سپلائی بڑے پیمانے پر کی جاتے تھی، تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر مزیدتحقیات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ سردیوں میں شہد کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے ،شہد ذیادہ تر بچوں کی خوراک میں شامل کیا جاتاہے، بہترین شہد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے شہد پراسس کرنے والی تمام کمپنیوںکے نمونے لے کر تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں اور پنجاب فوڈ اتھار ٹی جلد ہی مستند اور معیاری شہد کمپنیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔