وزیراعلیٰ پنجاب کا شہید21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کو خراج عقیدت

سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت نے جواں عمری میں شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے، عبدالمعید اور بشارت نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کیلئے قربان کرکے ایک اور روشن مثال قائم کی ہے، شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے پاکستان میں امن کی تاریخ لکھی ہے، قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

منگل 12 دسمبر 2017 21:44

وزیراعلیٰ  پنجاب کا شہید21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے شہید ہونے والے 21 سالہ سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور 21 سالہ سپاہی بشارت کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت نے جواں عمری میں مادر وطن کے لئے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور پوری قوم کو شہید عبدالمعید اور شہید بشارت کی بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالمعید اور شہید بشارت نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لئے قربان کرکے ایک اور روشن مثال قائم کی ہے۔

قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے اور 22 کروڑ عوام کو شہید عبدالمعید اور شہید بشارت جیسے بہادر سپوتوںکی جرأت پر ناز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے پاکستان میں امن کی تاریخ لکھی ہے اور ہم شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔