حکومتی دعووں کے باجود بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہے ،ذکر اللہ مجاہد

گیس کی لوڈشیڈ نگ اور کم پریشر کی وجہ سے ایل پی جی ، کوئلہ ، لکڑی اور مٹی کے تیل میں بھی دوکاندار اضافی نرخ وصول کر رہے ہیں ، امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 12 دسمبر 2017 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے باجود بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارگذشتہ روز انہوںنے زون 143 کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیرجماعت اسلامی زون 143ابوبکر صدیق ، سیکرٹری گلریز بٹ، سیف الرحمن ، کاظم شاہ ، محمد افضال و دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں کے سبب بران رحمت شہریوں کے لیے زحمت ثابت ہو تی ہے ،گذشتہ روز باران رحمت کے بعد دو موریہ پل ، ڈیوس روڈ ، کینال روڈ، جیل روڈ ، مزنگ ،سمن آباد ، شاہرہ قائد اعظم ، راوی روڈ ، ریلولے اسٹیشن سمیت شہر کی مختلف شاہراہوں اورسٹرکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام اور شہریوں کے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کے خاتمے کیلئے حکومتی اعلان کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں ابھی تک کئی کئی گھنٹوں کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس پر شہری پریشان اور سراپا احتجاج ہیں ۔ سردی کے بڑھتے ہی گیس کی شدید لوڈشیڈنگ اور گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کا گھریلوں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں اور خواتین کا امور خانہ داری سرانجام دینا مشکل ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے متبادل استعمال ہونے والی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہو شرابا اضافے نے غریبوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈ نگ اور کم پریشر کی وجہ سے ایل پی جی ، کوئلہ ، لکڑی اور مٹی کے تیل میں بھی دوکاندار اضافی نرخ وصول کر رہے ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذی کاررائیوں اور اخباری بیانات کی بجائے عملی طور پر عوامی مسائل حل کریں۔اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے سد باب کیلئے عملی طور پر اقدامات اُٹھائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف میسر ہو سکے ۔