جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے ذریعے چھپا ہوا سچ سامنے آگیا ، عوام کی پرامن طاقت سے قاتلوں، لٹیروں کو ہمیشہ کے لئے بھگا دیں گے،ساجد بھٹی

منگل 12 دسمبر 2017 21:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ساجد بھٹی نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے ذریعے چھپا ہوا سچ سامنے آچکا ہے۔اسی لئے عوامی تحریک نے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے وزیراعلی ،اور وزیرقانون پنجاب کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے،اگر استعفے نہ آئے توعوام کے دبائو کے ذریعے قاتلوں کو اقتدار سے باہر کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزالیکشن کمیشن ایکٹ 2017کے تحت عوامی تحریک نے 2000کارکنوں کی لسٹ اور انٹرا پاررٹی الیکشن کی دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کے بعد صدر تحریک منہاج القرآن یو اے ای ملک فخر زمان عادل سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے۔ اس موقع پر ترجمان عوامی تحریک قاضی شفیق الرحمن،میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ساجد بھٹی نے کہا کہ عوام کی پرامن طاقت سے قاتلوں، لٹیروں کو ہمیشہ کے لئے بھگا دیں گے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو قاتل ڈیکلیئر کر دیا یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب ساڑھے تین سال اس رپورٹ کو دبا کر بیٹھی تھی۔انہوںنے کہا کہ قاتل برادران اپنے راستے کا سب سے بڑا بیریئر ڈاکٹر طاہرالقادری کو سمجھتے ہیں۔

17 جون 2014 ء کا سانحہ بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کو پاکستان آنے سے روکنے کیلئے کیا گیا تھا۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ریاستی ادارے پولیس کو پرامن شہریوں کے خلاف بے دردی سے استعمال کیا۔ اب انہیں اس کی سزا بھگتنا ہو گا۔ دنیا کی کوئی طاقت اب انہیں ان کے عبرتناک ا نجام سے نہیں بچاسکتی۔انہوںنے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے، جس کی تمام جماعتوں کے قائدین نے حمایت کی ہے۔