Live Updates

عمران خان کی قیادت میں نوجوان تبدیلی کی علامت بن کر اُبھرے ہیں، پرویز خٹک

نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور تفریح و فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے گزشتہ 70 سالوں سے گلے سڑے نظام نے قوم کا مستقبل یر غمال بنا رکھا تھا،اداروں میں بگاڑ کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو چکا تھا،ان تمام برائیوں کی تاریکی میں عمران خان ایک اُمید کی کرن بن کر اُبھرے ،اپنے مستقبل سے مایوس نوجوانوں کو عمران خان کی صورت میں امید کی کرن دکھائی دی،نوجوانوں نے ثابت کیا کہ جس قوم کے نوجوان پرعزم ہوں ، جس قوم کے نوجوانوں کا جنون سلامت ہو ، دُنیا کی کوئی طاقت اُن کی منزل میں روکاٹ نہیں بن سکتی، نیشنل یوتھ کارنیول کی اختتامی تقریب سے خطاب

منگل 12 دسمبر 2017 21:33

عمران خان کی قیادت میں نوجوان تبدیلی کی علامت بن کر اُبھرے ہیں، پرویز ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہاہے کہ عمران خان کی قیادت میں نوجوان تبدیلی کی علامت بن کر اُبھرے ہیں۔نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور تفریح و فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بیداری اور تبدیلی کی لہر کا ایک خاص پس منظر ہے ۔

گزشتہ 70 سالوں سے گلے سڑے نظام نے قوم کا مستقبل یر غمال بنا رکھا تھا۔اس نظام نے پورے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا تھا۔ایمانداری ، بے ایمانی میں تبدیل ہو گئی تھی ۔اداروں میں بگاڑ کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو چکا تھا۔ان تمام برائیوں کی تاریکی میں عمران خان ایک اُمید کی کرن بن کر اُبھرے ۔اپنے مستقبل سے مایوس نوجوانوں کو عمران خان کی صورت میں امید کی کرن دکھائی دی۔

(جاری ہے)

نوجوانوں نے ثابت کیا کہ جس قوم کے نوجوان پرعزم ہوں ، جس قوم کے نوجوانوں کا جنون سلامت ہو ، دُنیا کی کوئی طاقت اُن کی منزل میں روکاٹ نہیں بن سکتی ۔بڑے سے بڑا طوفان بھی اُن کے جذبات کی کشتی کو ڈبو نہیں سکتا۔ باشعور نوجوانوں نے عوام دشمن نظام اور کرپٹ عناصر کو چیلنج کیا اور اُنہیں خبردار کیا کہ اب ایسا نہیں چلے گاوہ پشاور سپورٹس کمپلیکس قیوم سٹیڈیم میں نیشنل یوتھ کارنیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان محمود خان، سیکرٹری اور ڈائریکٹر اُمور نوجوانان نے بھی خطاب کیا اور کارنیول کے مختلف پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے 110 یونیورسٹیوں اور دینی مدارس کے ہزاروں طلبا و طالبات کارنیول کے مختلف مقابلوں میں شریک ہوئے جن میں قرات، حمدونعت، ذہنی آزمائش، بیت بازی، آئی ٹی، موسیقی و گلوکاری اور تقریری مقابلے شامل ہیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جیتنے والے طلبا و طالبات میں انفرادی اور اجتماعی انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں پرویز خٹک نے کہا کہ نوجوانوں کا تحریک انصاف کے تبدیلی کے ایجنڈے کو سپورٹ کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارا نوجوان بیدار اور قوم کا مستقبل روشن ہے۔

جس قوم کا نوجوان اپنے حقوق سے باخبر ہو ، اُس کی ترقی یقینی ہوتی ہے ۔اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل اُسی قوم کا ہے جس کا نوجوان صحت مند اور با شعور ہے۔پاکستان کا شمار ان خوش قسمت ممالک میں ہوتا ہے جس کی60 فی صد کی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف نوجوانوں کے تعاون سے تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ۔

صوبائی حکومت کی ساڑھے چار سالہ اصلاحات اور اقدامات کی فہرست کافی طویل ہے تاہم جب ہم حکومت میں آئے تو نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں کہیں بھی یوتھ پالیسی موجود نہ تھی ۔نوجوانوں کو حکومتی پالیسیوں کا مرکز ہونا چاہیئے تھا، مگر انہیں یکسر نظر انداز کیا گیا۔ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے پہلی بار یوتھ پالیسی تشکیل دی ۔خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت نے وژن کے مطابق جہاں دیگر شعبوں کی اصلاح کیلئے ٹھوس اقدامات کئے وہاں نوجوانوں کی تربیت، تعلیم اور کھیلوں کی سہولیات پر سب سے زیادہ سرمایہ خرچ کیا۔

صوبائی حکومت نے نوجوانوں کیلئے انٹرپرینورشپ پروگرام، سافٹ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام،اکیڈمیہ انڈسٹریل لنکجیز اوریوتھ ایکسچینج جیسے مفید پروگراموں پر کام شروع کیا ہے ۔ صوبے میں 100 سے زیادہ کھیلوں کے نئے میدان بنائے گئے ہیں۔ پشاور میں قیوم سپورٹس کمپلیکس اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے معیار کو بہتر کیا جبکہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار پر لانے کے لیے منصوبہ شروع کیا جو اگلے چھ ماہ میں مکمل ہوجائیگا انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف مقامات پر عالمی معیار کے چار سکواش کورٹس اور کھلاڑیوں کیلئے ہاسٹل تعمیر کئے جارہے ہیں۔

مردان سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی آسٹروٹرف مکمل ہو چکا ہے جبکہ بنوں میں کام جاری ہے ۔اسی طرح ایبٹ آباد، سوات اور کوہاٹ میں بھی ہاکی آسٹرو ٹرف قائم کئے جائیں گے ۔صوبے میں یوتھ ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔نوجوانوں کو فیصلہ سازی کا موقع دینے کی غرض سے یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن بھی قائم کیا جا چکا ہے۔نوجوانوں کی مثبت سوچ کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے لمز(LUMS) کے ساتھ ایگریمنٹ کیا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت نوجوانوں کو گرانٹس فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی مقاصد کیلئے بروئے کار لا سکیں۔یہ گرانٹس اضلاع کی سطح پر مہیا ہونگے۔ انہوں نے یوتھ چیلنج پروگرام کے تحت فنڈز 25 کروڑ سے 50 کروڑ اور کاروباری شعبے 150 سے 330 تک بڑھانے کا اعلان کیا اسی طرح انہوں نے امور نوجوانان کیلئے ایک ارب روپے کے اضافی فنڈ کا اعلان کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔

صوبے میں پاکستان کی پہلی ٹیکنکل یونیورسٹی بنائی گئی ہے۔فنی تعلیم و تربیت کیلئے ٹیکنکل مراکز بنائے گئے ہیںجن میں سے بیشتر ایئر فورس کے حوالے کئے گئے ہیں۔صوبہ بھر میں یونیورسٹیوں اور متعدد کالجز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میںتعلیم یافتہ نوجوانوں کو علم و ہنر کے تمام شعبوں میں تیاری کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے کیونکہ مستقبل تربیت یافتہ اور باشعور نوجوانوں کا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ صحت مند اور تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیںاور ہم اپنے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ کھیل و اُمور نوجوانان اور منتظمین کو نیشنل یوتھ کارنیول کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا، تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر سے آئے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیااور جیتنے والوں کو مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ یہ شاندار تقریب موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے پرخلوص کوششوں کا نتیجہ ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :