وزیر مملکت انوشہ رحمان کی زیر صدارت اگنائیٹ کمپنی کے نیشنل آئی سی ٹی کے 34ویں پالیسی بورڈ کا اجلاس

منگل 12 دسمبر 2017 21:08

وزیر مملکت انوشہ رحمان کی زیر صدارت اگنائیٹ کمپنی کے نیشنل آئی سی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) اگنائیٹ کمپنی کے نیشنل آئی سی ٹی (آر اینڈ ڈی)کے 34ویں پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کی۔ اجلاس میں کمپنی اگنائیٹ کے تحت مختلف پالیسی اقدامات پر عملدرآمدکا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران 10لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل ماہر بنانے کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اس پروگرام کا مقصد ٹیکنالوجی میں شاندار کارکردگی کو فروغ دینا، جدت اور چوتھی صنعتی لہرکی محرک مستقبل کی ورک فورس تیار کرنا ہے۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے بڑی تعداد میں گریجوایٹس تیار کررہے ہیں اور ان نوجوانوں کو صنعتی انقلاب کے تقاضوں اور رحجانات کے مطابق نئی نئی ٹیکنالوجیز میں روزگار کے لیے تیار کرنا بڑا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے فلیگ شپ ڈیجی سکلز پروگرام کا مقصد نوجوانوں کوڈیجیٹل تربیت دینا ہے اور انہیں آن لائن نصابی مواد سے روشناس کروانا ہے تاکہ ہمارے نوجوان فری لانس ورک پورٹلز سے استفادہ کریں اور گھرپر بیٹھ کر ہی اپنی روزی کمائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجی سکلز پروگرام میں ہم نے پہلے مرحلہ میں 10 لاکھ نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اجلاس کے دوران اگنائیٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹوافسر یوسف حسن نے بتایا کہ بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں 10نئے ماڈیولز بنائے گئے ہیں جن میں آن لائن جرنلزم کا مطلوبہ تربیتی ماڈیول بھی شامل ہے اور یہ آئی ٹی کی مہارت نہ رکھنے والوں کو بھی تربیت دینے کیلئے بنائے گئے ہیں۔ انوشہ رحمان نے اگنائیٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر کو ہدایت کی کہ وہ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں وزیراعظم کے انٹرن شپ پروگرام کو سکیل اپ کرنے کے لیے تجاویز دیں۔ وزیر نے ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان (ٹی آئی پی)کے سالانہ اجلاس عام کی صدارت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :