خیبر پختونخواہ حکومت صوبے میں روزگار اور کاروبار کے ذرائع بڑھانے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے، پرویز خٹک

اس مقصد کیلئے مہیا کئے جانے والے خطیر وسائل کا براہ راست فائدہ نوجوانوں کو ملے گا تاکہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں،لمز اور کے پی کے حکومت کے مابین معاہدے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 12 دسمبر 2017 21:26

خیبر پختونخواہ حکومت صوبے میں روزگار اور کاروبار کے ذرائع بڑھانے کیلئے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے یقین دلایا ہے کہ انکی حکومت صوبے میں روزگار اور کاروبار کے ذرائع بڑھانے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے اس مقصد کیلئے مہیا کئے جانے والے خطیر وسائل کا براہ راست فائدہ نوجوانوں کو ملے گا تاکہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں۔

صوبائی حکومت نے اس ضمن میں کئی اقدامات کئے ہیں جن میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم ، کامرس اور مختلف ہنر سکھانے کے پروگرام بطور خاص شامل ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں لمز اور حکومت خیبر پختونخوا کے مابین ایک معاہدے کے موقع پر کیا۔ معاہدے کا مقصد صوبے میں تعلیم اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہے اور اس سے صوبے کے نوجوان بالخصوص مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان محمود خان اور لمز کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سہیل نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا یوتھ انوسٹمنٹ چیلنج پروگرام کیلئے 50کروڑ روپے مختص کئے ہیں جن میں سے 84فیصد فنڈز کامیاب درخواست گذاروں کو گرانٹ کی شکل میں دیئے جائیں گے جبکہ 16فیصد لمز سکول آف ایجوکیشن کی جانب سے اسی پروگرام کو آگے بڑھانے پر خرچ ہوں گے۔

صوبائی حکومت اور لمز کے مابین اس معاونت کا مقصد صوبے کے دیہی نوجوانوں کی صلاحیتوں ، ہنر اور جذبے کی بھرپور انداز میں حوصلہ افزائی ہے اور انہیں ملازمتیں ڈھونڈنے والے کی بجائے روزگار دینے والے بنا کر قومی معاشی دھارے میں شامل کرنا ہے۔ پروگرام میں نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں رہنمائی اور تربیت بھی شامل ہے۔ لمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سہیل نقوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔

ہمیں نوجوانوں کی علمی اور کاروباری صلاحیتوں میں اضافے کے اس اہم مرحلے پر خیبر پختون خواا حکومت سے تعاون پر خوشی ہے ۔ لمز اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے پورا تعاون کرے گی جبکہ لمز سکول آف ایجوکیشن کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مریم چغتائی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان زیادہ پر عزم اور تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ لمز اور صوبے کی سات یونیورسٹیوں کے مابین اس معاہدے کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کی استعداد میں اضافہ ہے ۔ پروگرام کے تحت لمز سکول آف ایجوکیشن نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق علوم و فنون اور کاروبار کے مختلف شعبوں میں تحقیق، پالیسی اور پریکٹس کی سہولیات بھی مہیا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :