صوبائی وزیر رانا مشہود سے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلبہ کی ملاقات

منگل 12 دسمبر 2017 21:10

صوبائی وزیر رانا مشہود سے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلبہ کی ملاقات
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کے دورے پرآئے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیروانگ یاجن کوآج نئے ائیرپورٹ پر رخصت کیا۔ قبل ازیں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمدسید اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اس موقع پر موجود تھے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیروانگ یاجن نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں عوامی تعمیر و ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات پر پنجاب حکومت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ولولہ انگیز لیڈر شپ میں پنجاب حکومت نے صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیںاور متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے دورہ کے دوران بہترین مہمان نوازی پر اہل پنجاب کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ صوبہ بلوچستان کے طلبہ کے ایک وفد سے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ملاقات کی۔صوبائی وزیر نے وفد کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔

پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء و طالبات کیلئے خصوصی کوٹہ رکھا ہے۔ جبکہ پنجاب حکومت سارے صوبوں کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو نا صرف انعامات سے نوازتی ہے بلکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دنیا بھر کی بہترین یونیورسٹیز میں بھی بھجواتی ہے۔صوبائی وزیر نے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی تجویز کو سراہا اور اس حوالے سے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے طلبہ وفد کو ڈبل ڈیکر بس پر لاہور کی سیر اور اندرون شہر میں عشائیہ کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلبہ کے وفدنے اعلیٰ مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ شہباز شریف، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں اور پنجاب حکومت کاخصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :