آرمی چیف سے فلسطین کے سفیر اور سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

سعودی وزیر نے پاکستانی فوج کی کارکردگی اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، آئی ایس پی آر پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے ، آرمی چیف دونوں مسئلوں پر اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے،جنرل قمر جاوید باجوہ

منگل 12 دسمبر 2017 21:05

آرمی چیف سے فلسطین کے سفیر اور سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے دونوں مسئلوں پر اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر ایچ ای ولید اے ایم ابو علی نے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آرمی چیف نے فلسطینی سفیر کو کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو پاکستانی قوم کی اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور دونوں مسئلوں پر اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے۔فلسطینی سفیر نے فلسطین کاز کے لیے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

پاکستان،سعودی عرب، فلسطین، اردن، مراکش،ترکی، مصر، عرب لیگ یہاں تک کہ یورپی یونین کے کئی اتحادی ممالک نے بھی اس امریکی فیصلے کی مخالفت کی ہے۔دوسری جانب آرمی چیف سے سعودی نائب وزیر دفاع ایچ ای محمد بن عبداللہ نے بھی ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ سعودی وزیر نے پاکستانی فوج کی کارکردگی اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔