سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ،شاہد خاقان عباسی

سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی کا کردار قابل تحسین ہے ،موجودہ موٹلز کو درست ،نئے ایریا دریافت کیے جائیں جہاں جدید ترین سہولیات سے مزیدنئے موٹلز قائم کیے جائیں، وزیراعظم کی ایم ڈی پی ٹی ڈی سی سے گفتگو پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلز کو جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ،آن لائن بکنگ کیلئے ویب سائٹ تیار کر لی گئی، چودھری عبدالغفور پاکستان ٹورازم سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں جامعہ بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے جسے جلد ہی پیش کیا جائیگا، وزیراعظم کو بریفنگ

منگل 12 دسمبر 2017 20:27

سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ،شاہد خاقان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی کا کردار قابل تحسین ہے ،سیاحوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں،پی ٹی ڈی سی کے موجودہ موٹلز کو درست کیا اور نئے ایریا دریافت کیے جائیں جہاں جدید ترین سہولیات سے مزیدنئے موٹلز قائم کیے جائیں ۔

وزیراعظم نے یہ بات منگل کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹور ازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چودھری عبدالغفور سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چودھری عبدالغفور نے وزیراعظم کو اُمور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلز کو جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور موٹلز کی آن لائن بکنگ کیلئے ویب سائیٹ تیار کر لی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوری2018 میں عالمی ادارہ برائے سیاحت کے زیر انتظام کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ممبر ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔

اس کانفرنس کے انعقاد سے ملک میں سیاحت کے فروغ کیساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر بطور سیاح دوست ملک بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں طلبا و طالبات اور فیملیز کیلئے سٹی ٹور بس سروس اس ماہ شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم سے استدعا کی کہ پی ٹی ڈی سی کو وفاقی سطح پر برقرار رکھا جائے۔چوہدر ی عبدالغفور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جلد ہی پاکستان ٹورازم سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ایک جامعہ بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے جسے جلد ہی پیش کیا جائے گا جس میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے اور پی ٹی ڈی سی اور اس کے ذیلی اداورں کو فعال اور منافع بخش بنانے کیلئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور مختلف یونیو رسٹیزمیں ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کروانے کے سلسلے میں بھی گفت و شنید جاری ہے تاکہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو بہتر افرادی قوت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو درخواست کی کہ سیاحت کو قومی ترقیاتی ایجنڈا میں شامل کیا جائے اور پی ٹی ڈی سی کو وفاقی سطح پر برقرار رکھا جائے ۔

وزیر اعظم پاکستان نے سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں دی جانے والی تجاویز کو سراہا اور سیاحت کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی کا کردار قابل تحسین ہے ،ملک میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے پی ٹی ڈی سی تمام کوششیں بروئے کار لائے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے موجودہ موٹلز کو درست کیا جائے اور نئے ایریا دریافت کیے جائیں جہاں جدید ترین سہولیات سے مزیدنئے موٹلز قائم کیے جائیں ملک بھر میں کئی ایسے مقامات ہیں جنہیں سیاحت کے نقطہ نظر سے ترقی دی جا سکتی ہے اور پی ٹی ڈی سی اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :