یوم قائد تقریبات7 روز تک جاری رہیں گی ،شہباز شریف

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس،یوم قائد تقریبات،پروگرام اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

منگل 12 دسمبر 2017 19:47

یوم قائد تقریبات7 روز تک جاری رہیں گی ،شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم قائد کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی جو صوبہ بھر میں 7 روز تک جاری رہیں گی ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا اجلاس میں یوم قائد کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اور انتظامات کا جائزہ لیا گیااس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں یوم قائد کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے عمل سے اقبال کے خواب کو حقیقی تعبیر دی شہباز شریف نے کہاکہ نئی نسل کو قائداعظم کے فرمودات سے آگاہ کرنے کے لئے اس دن کو بھرپور طریقے سے منانا ضروری ہے اجلاس میں ڈی جی والڈ سٹی لاہور اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے یوم قائد کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، جہانگیر خانزادہ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی والڈ سٹی لاہور، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور کمشنر لاہور ڈویڑن عبداللہ سنبل سمیت اعلیٰ حکام سمیت دیگر نے شرکت کی۔