رانا ثناءاللہ کی چیئرمین نیب سےحدیبیہ کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر بدلنے کی درخواست

حدیبیہ کیس میں شاہ خاورکی پبلک پراسکیوٹرتعیناتی پرنظرثانی کی جائے،شاہ خاورپیپلزپارٹی کےورکرہیں،میڈیاچینلز پرن لیگ کیخلاف بغض وعناد کامظاہرہ بھی کررہےہیں،سپیشل پراسیکیوٹرکامنصب غیرجانبداری کامتقاضی ہے۔وزیرقانون پنجاب کی درخواست

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 دسمبر 2017 19:39

رانا ثناءاللہ کی چیئرمین نیب سےحدیبیہ کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر بدلنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 دسمبر2017ء) : صوبائی وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نےچیئرمین نیب سے سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کی تعیناتی پر نظرثانی کی اپیل کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے نیب کے چیئرمین جسٹس(ر) جاویداقبال سے درخواست کی ہے کہ شاہ خاور ایڈوکیٹ کی حدیبیہ کیس میں بطور سپیشل پراسیکیوٹر تعیناتی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ شاہ خاور ماضی میں پیپلزپارٹی کے دیرینہ ورکر رہ چکے ہیں اور ان کی انہی خدمات پر پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں شاہ خاور کو ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان تعینات کیا گیا تھا۔ رانا ثناء اللہ نے مزیدبتایا کہ شاہ خاور گزشتہ 8ماہ سے مختلف میڈیا چینلز کے درجنوں پروگراموں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اس کی لیڈرشپ کے خلاف بغض و عناد کا بھرپور مظاہرہ کرتے چلے آ رہے ہیں اور مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اخلاقیات اور قانونی تقاضوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شاہ خاور کا ذاتی کردار بھی تنازعات سے پاک نہیں کیونکہ جب انہیں ایڈیشنل جج کے طور پر ہائیکورٹ میں تعینات کیا گیا تو بعدازاں انہیں کنفرم بھی نہیں کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سپیشل پراسیکیوٹر کا منصب پیشہ ورانہ اہلیت اور غیرجانبداری کا تقاضا کرتا ہے جبکہ شاہ خاور ان تقاضوں کے بالکل برعکس ہیں۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے چیئرمین نیب سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شاہ خاور کی جگہ پیشہ ورانہ اہلیت کے حامل غیرمتنازع شخص کو تعینات کیا جائے۔